ممبئی (جیوڈیسک) دبئی میں بالی ووڈ سٹارز کے کپڑوں کی نیلامی، ہریتک روشن کی جیکٹ سے سب سے مہنگی فروخت ہوئی۔ بالی ووڈ سٹارز کے چاہنے والوں کیلئے دبئی میں تقریب سجائی گئی جس میں بالی ووڈ سٹارز کے دیدہ زیب کپڑوں کی نیلامی کی گئی۔ نیلامی کا مقصد دبئی میں بے سہارا اور معذور بچوں کیلئے بنائے جانے والے ہسپتال کیلئے فنڈز اکٹھے کرنا تھا۔
جس میں بالی ووڈ فنکاروں کی اشیا کو خصوصی طور پر نیلامی کیلئے پیش کیا گیا۔ نیلامی میں دیپکا پڈوکون، بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان، بالی ووڈ کوئین کرینہ کپور، رنبیر کپور، کترینہ کیف، ارشد وارثی اور ہریتک روشن سمیت دیگر کئی فنکاروں کے استعمال میں لائی جانے والی اشیا کی نیلامی کی گئی۔
جس میں فن کے دلدادہ افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے چاہنے والوں کی لباس اور دیگر اشیا منہ مانگے داموں خریدیں۔ بالی ووڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون نے فلم ریس ٹو میں جو سرخ رنگ کا لباس زیب تن کیا تھا اسے نیلامی کیلئے پیش کیا گیا۔
جس کی بولی 8 ہزار درہم لگی جبکہ بالی ووڈ بے بو کرینہ کپور کی مختلف فلموں میں بطور ہیروئن زیب تن کی جانے والی شلوار قمیض 10 ہزار درہم میں فروخت ہوئی۔ ہریتک روشن جن کی جیکٹ سب سے زیادہ 11 ہزارہ درہم میں نیلام ہوئی۔ اس ساری رقم کو دبئی میں بننے والے بچوں کے ہسپتال کی تعمیر کیلئے استعمال کیا جائے گا۔