دبئی : تجارتی سرگرمیاں جزوی طور پر بحال

Dubai

Dubai

دبئی (اصل میڈیا ڈیسک) دبئی میں حکام نے پیر کے روز تجارتی سرگرمیوں کے ایک نئے مجموعے کو بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ سرگرمیاں صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک جاری رہ سکیں گی۔ تاہم اس کے لیے کرونا وائرس کے خلاف حفاظتی تدابیر کی پابندی کی شرط رکھی گئی ہے۔

متعلقہ حکام نے باور کرایا ہے کہ دبئی میں مختلف نوعیت کے غذائی مواد فروخت کرنے سے متعلق سرگرمیوں کو بحال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم اس حوالے سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا لازم ہو گا۔ ان میں جراثیم کش مواد کے ذریعے صفائی اور جسمانی فاصلے کے علاوہ نقل و حرکت کے پرمٹ کا حصول شامل ہے۔

دبئی میں جن سرگرمیوں کی بحالی کی اجازت دی گئی ہے ان میں گوشت، سبزیوں، پھلوں، میوہ جات، پسے ہوئے مصالحہ جات، مٹھائی اور چاکلیٹ، مچھلی، چائے اور کافی کی تجارت شامل ہے۔ حکام کے مطابق اس نوٹیفکیشن پر پابندی کو یقینی بنانے کے لیے بازاروں اور تجارتی مقامات پر معائنوں اور جانچ پڑتال کی کارروائیاں عمل میں آئیں گی۔

دوسری جانب امارات کی وزارت صحت و سماجی تحفظ نے پیر کی شام کرونا وائرس کے مزید 398 کیسوں کے اندراج اور 3 افراد کی وفات کا اعلان کیا۔ ان افراد کا تعلق مختلف ملکوں سے ہے۔ متاثرین کو مطلوبہ طبی نگہداشت کے تحت رکھا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4521 ہے۔ وبائی مرض کے سبب ریاست میں اب تک 25 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔