دبئی : بال ٹیمپرنگ کے باوجود پاکستان نے چار وکٹوں پر 132 بنالیے

Dubai

Dubai

دبئی (جیوڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان یہاں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہے، اور گرین شرٹس نے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر چار وکٹیں کھوکر 55 اوورز میں 132رنز بنائے ہیں جبکہ ابھی میچ کے دو دن اور افریقہ کی دوسری اننگز باقی ہے، مصباح الیون کے لئے ٹیسٹ بچانا تو دور ، اننگز کی شکست سے بچنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔دبئی کے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے دن پروٹیز نے 460 رنز چار کھلاڑی آوٹ پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور پوری افریقی ٹیم 517 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔

جس میں کپتان اسمتھ 234 اور ابراہام ڈی ویلیئرز 164 قابل ذکر بیٹسمین تھے ۔پاکستان کی جانب سے جادو گر اسپنر سعید اجمل نے چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ لنچ سے پہلے کے دو اوورز میں ہی پاکستان کے دونوں اوپنرز واپس پویلین واپس لوٹ گئے۔ لنچ کے بعد اظہر علی 19 اور یونس خان 36بھی اپنی وکٹیں گنوا ں بیٹھے۔کپتان مصباح الحق 42 اور اسد شفیق 28 ناقابل شکست رنز کے ساتھ بال ٹیمپرنگ کرنے والے دھوکے باز افریقی الیون کے سامنے سینہ سپر ہیں اور دونوں نے ملکر پانچویں وکٹ کی شراکت میں اب تک 62 رنز جوڑ لیے ہیں اور کوشاں ہیں کہ اس منجدہار کو بال ٹیمپرنگ کرنے والی ٹیم سے بچایا جاسکے۔گرین شرٹس کو اب بھی اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے 286 رنز درکار ہیں۔