دبئی (جیوڈیسک) روزے کی برکات سیغیر مسلموں کو متعارف کرانے کے لیے دبئی میں ایک منفرد افطار پارٹی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ابوظہبی غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی فیسٹیول اور ریٹیل سٹبلیشمنٹ کی جانب سے 28 جولائی کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں روزے کی برکات سیغیر مسلموں کو متعارف کرانے کے لیے ایک منفرد افطار پارٹی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ افطاری کے اس پروگرام میں ہر خاص و عام کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اہم بات یہ ہو گی کہ دبئی فیسٹیول کی طرف سے اس تقریب میں دلچسپی کے حامل غیر مسلموں کو بھی روزہ رکھنے کے لیے کہا گیا ہے۔
تاکہ سارا دن اپنے جسم اور روح پر روزے کے اثرات اور افطاری کی لذت و برکات کا براہ راست تجربہ کر سکیں۔ دبئی فیسٹیول میں تعلقات عامہ کی سینئر منیجر خدیجہ ترکی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ غیر مسلموں کو افطار میں مدعو کرنے کا مقصد انہیں اس تجربہ میں شریک کرنا ہے کہ روزہ صرف کھانے اور پینے سے کنارہ کشی اختیار کرنا نہیں ہے بلکہ یہ اس سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا وہ کسی کو تبدیلی مذہب پر راغب کرنا نہیں بلکہ یہ سب اس لیے کیا جا رہا ہے کہ روزے کے بارے میں یہ آگاہی پیدا ہو کہ روزہ درحقیقت ہے کیا۔ خدیجہ ترکی کے مطابق وہ مکمل اعتماد سے کہہ سکتی ہیں کہ روزہ دار ہی محسوس کر سکتا ہے کہ روزہ رکھنے کی وجہ سے کیسے اس کے اندر خوشگوار تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں اور اس کا طرز عمل کس طرح تبدیل ہوتا ہے۔
اور دماغ اور جسم کا ردعمل کیسے بہتر ہو جاتا ہے۔ روزہ جسمانی لحاظ کے علاوہ کئی دوسرے طریقوں سے انسان ہر اثر انداز ہوتا ہے جیسا کہ انسانی مزاج میں تحمل اور برداشت کا بڑھ جانا، کام پر مکمل دھیان ہوجانا وغیرہ وغیرہ۔ بتایا گیا ہے کہ 28 جولائی کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہونے والی تقریب افطار میں 250 افراد کی شرکت متوقع ہے۔