دبئی (جیوڈیسک) پاکستان کی ٹیم نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے کر دو ٹی ٹوئنٹی کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ سری لنکا پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شرجیل اور احمد شہزاد اوپننگ کرنے آئے۔ احمد شہزاد تھریمانے کی گیند پر سینا نائیک کو کیچ پکڑا کر پویلین واپس جا بیٹھے۔ ان کے بعد کپتان محمد حفیظ نے بیٹنگ سنبھالی۔ شرجیل نے 34 جبکہ کپتان محمد حفیظ نے 32 رنز بنائے۔
شاہد آفریدی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 39 رنز بنائے اور آوٹ نہیں ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے تلک رتنے دلشان اور کوشل پریرا نے اننگز کا آغاز کیا۔ سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف نو رنز کے مجموعی سکور پر دلشان سات بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کو دوسری کامیابی اس وقت ملی جب 41 رنز کے مجموعی سکور پر کوشل پریرا 15 رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ چندی مال کو شاہد آفریدی نے 22 کے انفرادی سکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔ اینجلو میتھیوز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹوٹل میں 50 رنز کا اضافہ کیا۔
وہ سہیل تنویر کی گیند پر شرجیل کو کیچ پکڑا بیٹھے۔ پاکستانی ٹیم کو متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے چھ پاکستان اور چار سری لنکا نے جیتے ہیں۔