دبئی: رمضان میں ریستورانوں کے لیے قواعد تبدیل، صارفین کو کھانا دینے کی اجازت

Dubai Restaurants

Dubai Restaurants

دبئی (اصل میڈیا ڈیسک) امارت دبئی میں ریستورانوں کے لیے رمضان المبارک میں قواعد وضوابط میں تبدیلی کی گئی ہے اور انھیں روزے کے اوقات کے دوران میں صارفین کو کھانے مہیّا کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

دبئی کے محکمہ اقتصادی ترقی (دبئی اکانومی) نے اتوار کو ایک اعلامیے میں بتایا ہے کہ اس سال ریستورانوں کی سکریننگ نہیں کی جائے گی اور روزے کے اوقات کے دوران میں انھیں گاہکوں کو کھانا دینے کے لیے کسی پیشگی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

گذشتہ برسوں میں صرف پرمٹ رکھنے والے ریستوران ہی روزے کے اوقات میں گاہکوں کو کھانا دے سکتے تھے۔دبئی میں ریستورانوں کے لیے ان نئے قواعد وضوابط کا یکم رمضان سے اطلاق ہوگا اور توقع ہے کہ اس ماہ مقدس کے آغاز کا سوموار کو اعلان کیا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات نے اس سال بھی رمضان میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سماجی اجتماعات پر پابندی عاید کردی ہے۔اجتماعی افطارپرپابندی ہوگی اور صرف ایک ہی خاندان کے افراد مل کر اکٹھے افطار کرسکیں گے۔مساجد کے باہر افطار خیمے لگانے یا کسی جگہ افطار کے لیے جمع ہونے والے افراد کو کھانے دینے پر بھی پابندی ہوگی۔