دبئی (جیوڈیسک) دبئی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 482 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی جس کے بعد آسٹریلیا نے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 30 رنز بنا لیے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 255 رنز تین وکٹوں کے نقصان سے کیا تو حارث سہیل اور محمد عباس کریز پر موجود تھے۔
دونوں بلے بازوں نے مجموعی اسکور میں 5 رنز کا اضافہ ہی کیا تھا کہ محمد عباس پیٹر سڈل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، وہ 26 گیندوں پر ایک رنز ہی بنا سکے۔
دوسرا روز پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کے نام رہا جنہوں نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔
چوتھی وکٹ کی شراکت میں حارث سہیل اور اسد شفیق نے 150 رنز بنائے۔ حارث سہیل 110 اور اسد شفیق 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل نے 3، نیتھن لیون نے دو جب کہ جون ہولاند، مارنس لیبسچگنی اور مچل اسٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
کھیل کے پہلے روز قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں بلے بازوں نے ابتدا سے ہی پراعتماد انداز سے کھیل پیش کیا اور کھانے کے وقفے تک 89 رنز جوڑے، وقفے کے بعد بیٹںگ دوبارہ شروع ہوئی تو محمد حفیظ نے 170 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔
قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 205 تک پہنچا تو امام الحق 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد محمد حفیظ بھی 126 رنز بنا کر ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، انہیں پیٹر سڈل نے پویلین کی راہ دکھائی۔
دو سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ نے 15 چوکوں کی مدد سے 208 گیندوں پر 126 رنز بنائے۔
اظہر علی 18 رنز بناکر ہولینڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جب کہ قومی ٹیم پہلے روز میچ کے اختتام پر مجموعی طور پر 255 رنز بناسکی۔
قومی ٹیم میں بلال آصف کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جب کہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ، مارنوس لابوسشان اور ٹریوس ہیڈ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔