دبئی ٹیسٹ میں پاکستان 393 رنز پر آؤٹ، نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 10 رنز کی برتری

Dubai Test

Dubai Test

دبئی (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 393 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ہے اس طرح کیویز کو گرین شرٹس پر صرف 10 رنز کی برتری حاصل ہوئی ہے۔

دبئی انٹرنیشل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 281 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو سرفراز احمد 28 جبکہ یاسر شاہ ایک رن پر کریز پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ابھی صرف 4 رنز کا اضافہ کیا تھا کہ یاسر شاہ کو ٹم ساؤتھی نے آؤٹ کردیا، یاسر شاہ صرف 2 رنز ہی بناسکے۔ اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹسمین کا ساتھ نبھانے احسان عادل میدان میں آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے اور وہ بھی اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی ساؤتھی کا شکار بن گئے، جس کے بعد سرفراز احمد نے ذوالفقار بابر کے ساتھ مل کر کیویز کے خلاف مزاحمت شروع کی تاہم 312 کے مجموعی اسکور پر ذوالفقاربابر کو ٹرینٹ بولٹ نے آؤٹ کردیا۔

دسویں اور آخری وکٹ پر سرفراز احمد اور راحت علی کیویز کی جانب سے بڑی برتری کی خواہش کی راہ میں رکاوٹ بن گئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے آخری وکٹ پر 81 رنز کا اضافہ کیا ، اسی دوران سرفراز احمد نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی تیسری سنچری مکمل کی، جس کے بعد وہ ایک ہی سال میں 3 ٹیسٹ سنچریاں بنانے والےپاکستان کے پہلے وکٹ کیپر بن گئے۔ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 392 رنز بنالئے تاہم کھانے کے بعد قومی ٹیم کے اسکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ ہوسکا اور سرفراز احمد برینڈن مکولم کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے انہوں نے شاندار 112 رنز بنائے جبکہ راحت علی 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، کیویز کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور اش سُدھی نے 2،2 جبکہ مارک کریگ، جیمز نیشم اور برینڈن مکولم نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز جاری ہے۔

واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں 248 رنز سے شکست دی تھی جس کے ساتھ قومی ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔