دبئی ٹیسٹ : اسمتھ کی سنچری، جنوبی افریقا کی گرفت مضبوط

Dubai Test

Dubai Test

دبئی (جیوڈیسک) دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز کپتان گریم اسمتھ نے شاندار سنچری اسکور کر لی، میچ پر جنوبی افریقا کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے۔ کھانے کے وقفے پر جنوبی افریقا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنالئے، اس طرح اسے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 99 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جبکہ اس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔گریم اسمتھ 107 اور اے بی ڈیولیئرز 26 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پروٹیز نے گذشتہ روز کے اسکور 128 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، آج پہلے سیشن میں پاکستان ٹیم کو صرف ایک کامیابی ملی اور ڈیل اسٹین 7 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقا کے بالرز کی عمدہ بالنگ کے باعث پاکستان کی پوری ٹیم صرف 99 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

عمران طاہر نے کیرئیر بیسٹ بالنگ کرتے ہوئے 32 رنز کے عوض پانچ، ڈیل اسٹین نے تین جبکہ مورکیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ پاکستان ٹیم کی میچ پر گرفت کمزور ہو گئی ہے تاہم میچ میں واپسی کے لیے پاکستانی بولرز کو غیر معمولی بولنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

دو میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔