دبئی (جیوڈیسک) دبئی ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگ میں بغیر کسی نقصان کے 113رنز بنا لئے ہیں، کرس راجر31اور ڈیوڈ وارنر75رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل تجربہ کار یونس خان کے بعد نوجوان بیٹسمینوں نے بھی کمال کر دکھایا، آسٹریلیا کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سنچری اور اسد شفیق نے 89رنز کی اننگز کھیل ڈالی، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 454رنز بنانے میں کامیاب رہی۔دبئی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے 219رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا ،کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق پانچویں وکٹ کی شراکت کو 93رنز تک لے جانے میں کامیاب رہے، کپتان مصباح الحق نے 69رنز کی اننگز کھیل کر فارم میں واپسی کا اعلان کیا۔
اُس کے بعد جب اسد شفیق کے ساتھ ایک اور نوجوان کھلاڑی سرفراز احمدپچ پر پہنچے تو آسٹریلوی بولرز کے لیے وکٹ حاصل کرنا خواب بن گیا، سرفراز احمد نے خصوصاً جارحانہ انداز سے بیٹنگ کی، اس دوران اسد شفیق 89رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، دونوں نے 124رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔دوسرے اینڈ سے سرفراز احمد نے 14 چوکوں اور صرف 80 گیندوں پر سو رنز بناڈالے، سرفراز 109رنز بناکر پویلین پہنچے۔
پاکستان کی اننگز 454رنز پر ختم ہوئی، جانسن نے تین، اوکیف اور لائن نے دو، دو و وکٹیں حاصل کیں، آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو اُن کے دونوں اوپنرز ڈیو ڈ وارنر اور راجرز کسی پاکستانی بولر کو خاطر میں نہ لائے، خاص طور پر وارنر کا انداز جارحانہ رہا جنہوں نے 77 گیندوں پر 75رنز بنارئے جبکہ ، راجرز 31رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، آسٹریلیا ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل 113رنزپر بغیر کسی نقصان کے کھیل کا آغاز کرے گا۔