دبئی ٹیسٹ : تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان کے 6 وکٹ پر281 رنز

Pakistan

Pakistan

دبئی (جیوڈیسک) دبئی میں پاک نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میں تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹ پر 281 رنز بنالیے۔ پاکستان کی اننگز میں اظہر علی 75 اور یونس خان 72 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان نیوزی لینڈ سے اب بھی 122 رنز پیچھے ہے۔

دبئی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کی مشکلات میں کمی نہیں آرہی ہے۔ تیسرے روز بھی ٹاپ آرڈربیٹسمین اُس کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پائے جو اُنہوں نے پچھلے تین میچوں میں کیا تھا۔ 281 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین پہنچ گئے ہیں اور نیوزی لینڈ کی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 122 رنز درکار ہیں۔

دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز اگر کہا جائے کہ کیوی بولرزحاوی رہے تو غلط نہ ہوگا۔ پاکستان نے کھیل کا آغاز 34 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔یونس خان اور اظہر علی نے انتہائی محتاط انداز سے بیٹنگ کی۔ یونس خان نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے جبکہ لنچ تک دونوں کھلاڑی بغیر کوئی وکٹ گنوائے اسکور کو 118 رنز تک لے گئے۔

کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان کو دن کا پہلا نقصان یونس خان کی صورت میں اُٹھانا پڑا، وہ 72 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی اور مصباح الحق نے اننگز آگے بڑھائی۔ 195 کے مجموعی اسکور پر مصباح کو بولٹ نے ڈریسنگ روم پہنچادیا، وہ 28 رنز بناسکے،اظہر علی کی اننگز کا خاتمہ پاکستان کی پانچویں وکٹ کے طور پر ہوا، انہوں نے 75 رنز بنائے۔

کھیل ختم ہونے سے چند لمحے قبل اسد شفیق 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دن کےاختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لئے تھے، وکٹ کیپر سرفراز احمد 28 اور یاسر شاہ ایک رن پر بیٹنگ کررہے تھے، پاکستان کو نیوزی لینڈ کی ٹیم کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 122 رنز درکار ہیں جبکہ اب اُس کی چار وکٹیں باقی رہ گئی ہیں۔