راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ شدت پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن میں قوم کی حمایت حاصل ہے تاہم عوامی حمایت کے ساتھ مناسب گورننس کی بھی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی داخلی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جب کہ کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد پر پیشرفت اور آرمی چیف کے دورہ امریکا پر بھی غور کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس معلومات پرکارروائیوں اور آپریشنز میں کامیابوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن میں قوم کی حمایت حاصل ہے تاہم عوامی حمایت کے ساتھ دیرپا اور پائیدارامن یقینی بنانے کے لیے بہتر گورننس کی بھی ضرورت ہے۔ واضح رہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف 15 سے 20 نومبر تک امریکا کا دورہ کریں گے۔