وزیرآباد کی خبریں 23/11/2014

Wazirabad

Wazirabad

فرائض کی انجام دہی میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے۔ رزق حلال سے ہی اﷲ کی خوشنودی حاصل کی جاسکتی ہے

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)فرائض کی انجام دہی میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے۔ رزق حلال سے ہی اﷲ کی خوشنودی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر کی ماتحت عملہ کو پیشہ ورانہ فرائض میں غفلت نہ برتنے کی تلقین ، ردعمل میں پیرا میڈیکل سٹاف نے پریشر گروپ تشکیل دیکرہسپتال آنیوالے مریضوں کو عذاب میںڈال دیا ۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں تعینات بعض ملازمین نے وطیرہ بنا رکھا ہے کہ حاضری لگا کر غائب ہوجاتے ہیں ، عرصہ دراز سے سول ہسپتال میں براجمان مافیانجی لیبارٹریاں ، میڈیکل سٹوراور ایکسرے سنٹر زقائم کرکے سرکاری تنخواہ پراپنے کمائی کے اڈوں کا راستہ دیکھاتے ہیں ۔ گذشتہ روز ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈاکٹر الطاف حسین چوہدری نے فرائض میں کوتاہی کا نوٹس لیتے ہوئے آپریشن تھیٹر میں تعینات ایک ملازم کی باز پرس کی تو پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر عملہ نے محاز بنا کرہڑتا ل کردی جس کی وجہ سے دوردراز سے آنیوالے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ،واقعہ کی اطلاع پاکر ای ڈی او ہیلتھ گوجرانوالہ ڈاکٹر سعید احمد خان موقع پر پہنچ گئے اور ملازمین سے گفتگو کے بعد سب کو اپنی ڈیوٹی پر جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے ،سب شائستگی کو شعار بنائیں اور بلاجواز ہسپتال کا ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سردی کی شدت میں اضافہ کیساتھ ہی مچھلی اور دیگر پکوانوں کی مانگ اور قیمتوںمیں اضافہ ہوگیا

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)سردی کی شدت میں اضافہ کیساتھ ہی مچھلی اور دیگر پکوانوں کی مانگ اور قیمتوںمیں اضافہ ہوگیا۔ لنڈے کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ چند روز سے سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کے بعد سے مچھلی ،پکوڑوں، سموسوں اور دیگر فاسٹ فوڈ ز کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ زندہ مچھلی 250 روپے سے لیکر 900 روپے کلو تک جبکہ فرائی مچھلی750روپے سے لیکر 2000 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے ۔ سموسوں ،پکوڑوں اور دیگر فاسٹ فوڈز بنانے والوں نے قیمتوں میں اضافہ کی بجائے ناقص میٹریل کا استعمال شروع کردیا ہے جبکہ سموسے بھی کم وزن بنائے جاتے ہیں۔اسی طرح لنڈا مارکیٹ میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے وہاں بھی پرانی جرسیاں ، سویٹر اور جیکٹیں وغیرہ2سو روپے سے لیکر 1000 روپے تک میں فروخت ہورہی ہیں۔ خود ساختہ مہنگائی کی وجہ سے عام ،غریب آدمی پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے غریب آدمی کا جینا مشکل بنا دیا ہے،، حکومت نوٹس لے۔