لاہور : ایس پی ماڈل ٹائون کاشف اسلم نے کہا ہے کہ ڈی آئی جی کی ہدائت پر ون ویلرز کیخلاف شکنجہ تیار کر لیا گیا ہے، اب نوجوانوں کو ان کی جانوں سے کھیلنے نہیں دیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ون ویلرز کو اب جیل جانا پڑے گا ،وہ کسی رعائیت کے مستحق نہیں ہوسکتے،ان خیالات کا اظہار ایس پی ماڈل ٹائون کاشف اسلم نے گزشتہ روز وائس چیئرمین عوامی پریس کلب کاہنہ(رجسٹرڈ) ڈاکٹرمحمدعدنان سے خصوصی ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا ،انہوں نے مزیدکہا کہ ون ویلرزکے لئے آگاہی مہم کے زریعے پمفلٹ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔
والدین کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے بچوں پرنظررکھیں اور انہیں ون ویلرزکے نقصانات بارے آگاہ کریں،کاشف اسلم نے مزیدکہا کہ سانحہ ارفہ ٹاور میں شہید ہونے والے پولیس افسران ہمارے سر کا تاج ہیں ،ان کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والوں کے علاج معالجہ اور مالی امدادکی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہادت ہرملازم کی دلی خواہش ہوتی ہے ،فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنا ہر افسر کے لئے باعث فخر ہے۔ایس پی ماڈل ٹائون کاشف اسلم نے مزید کہا کہ پولیس افسران اپنے اپنے علاقوں سے جرائم کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں،تاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک کیا جاسکے۔ماڈل ٹائون ڈویژن میں چوروں ،ڈاکوئوں اور منشیات فروشوں کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈائون کیا جارہا ہے،فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کسی رعائیت کے مستحق نہیں۔عوام کے لئے میرے دروازے ہروقت کھلے ہیں۔عوام کو انصاف ان کی دہلیزپر دے کر پولیس اور عوام کا فاصلہ ختم کیا جائے گا۔