کراچی (جیوڈیسک) باسہولت اور آسان ہونے کے باعث ملک بھر میں کمپیوٹرائزڈ بینکنگ نظام میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سال 2014 کی دوسری سہ ماہی کے اختتام تک ملک بھر میں ای بینکنگ کی سہولت استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 11 فیصد بڑھ کر 42 لاکھ کی سطح پر جا پہنچی ہے۔
رواں سال دوسری سہ ماہی کے دوران ای بینکنگ کے ذریعے 7 کروڑ 11 لاکھ ٹرانزیکشنز کے ذریعے 326 ارب روپے سے زائد مالیت کے سودے کیے گئے جو گزشتہ سال کی اس مدت کے مقابلے میں 17 فیصد زائد ہیں۔
اس وقت ملک میں محض 8 ای بینکنگ کی سہولت فراہم کرنے والے ادارے موجود ہیں جو بل پیمنٹس، منی ٹرانسفر، قرض کی واپسی اور حکومت کو کی جانے والی پیمنٹس کو آسان بنانے کیلئےاپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔