ای لائبریری میں کتاب میلہ

Book Fair

Book Fair

تحریر : محمد مظہر رشید چودھری

اگرچہ کتاب کو بہترین رفیق جانا جاتا ہے لیکن فوری اور تیز ترین معلومات حاصل کرنے کی دوڑ نے کتاب کوساتھ رکھنے اور پڑھنے کے رجحان کوکافی حد تک کم کر دیا ہے، جاندارحروف کو یکجا کر کے خوبصورت الفاظ کے ساتھ مہکتے جملوں سے مزین تحریروں والی کتابیں ہنساتی بھی ہیں اور رُلاتی بھی ہیں کتاب و علم سے دوستی رکھنے والی قوموں نے ترقی کی منازل جلد از جلد طے کیں وطن عزیز پاکستان میں کتب بینی کا سلسلہ کم سے کم تر ہو تا جا رہا ہے۔

بعض علاقوں میں لائبریریاں ویران ہوتی جارہی ہیں اِکا دُکا افرادکا لائبریوں میں آنا اور مطالعہ کے لیے وقت نکالنا موجودہ الیکٹرانک میڈیا کے دور میں غنیمت سمجھا جاتا ہے سابقہ پنجاب حکومت کے وزیر اعلی میاں شہباز شریف اور چند صاحب علم کتاب دوست افسران کی ذاتی کاوشوں سے ای لائبریریوں کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ انتہائی قابل تعریف عمل ہے آغاز میں پنجاب کے بیس اضلاع میں ای لائبریریوں کا قیام ممکن ہوا،ضلع اوکاڑہ اُن بیس اضلاع میں شامل تھا جہاں ای لائبریری قائم کی گئی اس کے پہلے انچارج محمد ابراھیم وڑائچ سے ایک نشست میں سیر حاصل معلومات حاصل ہوئیں جو سانچ کے قارئین کرام کی نظر کرنا چاہوں گا۔

محمد ابراھیم وڑائچ کا کہنا تھا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ای لائبریریز قائم کی گئیں ، ای لائبریری پنجاب کے تحت تمام اضلاع میں یہ انفارمیشن ریسورس سینٹر ز کام کررہے ہیںای لائبریریز دو مقاصد کے حصول کے تحت کام کررہی ہیں،نمبر ایک “آؤ قوم کو تعلیم دیں ” اور دوسرا “کتاب کلچر کا فروغ”۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے چیئر مین حبیب الرحمن گیلانی، ڈائریکٹر جنرل ساجد لطیف اور ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی کاشف فاروق اِس پروجیکٹ کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور تجربہ کو بروئے کار لائے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے یہ پروجیکٹ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، کتب بینی کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے یہ انفار میشن ریسورس سینٹرز اپنا اپنا حصہ بدرجہ احسن ڈال رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ای لائبریری اوکاڑہ اپنے اہداف کی تکمیل کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے جہاں کمپیوٹر شارٹ کورسسز کے دوبیج فارغ التحصیل ہو چکے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ بیسک انگلش لینگویج سپوکن کلاسزکا دوسرا سیشن بھی باقاعدگی سے جاری ہے ، ای لائبریری اوکاڑہ نے دسمبرکی اکیس سے تائیس تاریخ تک اوکاڑہ کی عوام کے لیے رعائتی نرخوں پر کتابیں مہیاکرنے لیے “کتاب میلہ “کے انعقاد کافیصلہ کیا ہے جس میں سکول ، کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ اور اوکاڑہ کی کتاب دوست شخصیات اور عوام شریک ہونگے۔

ای لائبریری اوکاڑہ کے “کتاب میلہ” میں اسلام آباد، لاہور، اور مختلف شہروں سے پبلشر اپنے اپنے سٹال بھی لگائیں گے تا کہ اوکاڑہ کے لوگ کم نرخوں پر کتابیں خرید سکیںاس” کتاب میلہ” کی افتتاحی تقریب میں کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ مریم خاں خصوصی طور پر شریک ہونگے اوکاڑہ شہر کی پہچان بین الاقوامی شہرت یافتہ آرٹسٹ اصغر مغل کے فن پاروں کی نمائش کا بھی خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا ہے ،ای روز گاری، فری لانسنگ کے سٹال کے ساتھ ساتھ کڈز فیسٹول کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

MUHAMMAD MAZHAR RASHEED

MUHAMMAD MAZHAR RASHEED

تحریر : محمد مظہر رشید چودھری
03336963372