رواں ہفتے ملک کے بالائی علاقوں بارشوں کے دو نئے سلسلوں کی پیشگوئی

Rain

Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقوں میں رواں ہفتے کے دوران موسم بہار کی بارشوں کے دو نئے سلسلوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ، آج شام اور رات کو کوئٹہ، ژوب، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، سرگودھا ڈویژن میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سبب بننے والی ہوائیں آج شام خیبر پختونخواہ کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی اور کل ملک کے بالائی علاقوں تک پھیل جائیں گی۔

کل مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں ڈویژن، اسلام آباد، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، سرگودھا ، لاہور ڈویژن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

بارش کا دوسرا سلسلہ جمعہ کو بلوچستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگا اور اس ہفتے کے اختتام تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقے اس کے زیر اثر آجائیں گے۔

شمالی بلوچستان میں جمعہ کی شام اور ہفتے کو بارش جبکہ خیبر پختونخواہ، بالائی پنجاب ، اسلام آباد،کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہفتہ اور اتوار کے روز کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔