سعودی عرب (جیوڈیسک) سعودی عرب کی جانب سے تیل کے علاوہ دیگر ذرائع سے ملکی آمدنی میں اضافے کے لیے کی جانے والی اصلاحات کے تحت حکام نے نئی ویزہ فیس کے نفاذ کا آغاز کر دیا ہے۔
نئی ویزہ فیس متعارف کروانے کا فیصلہ گزشتہ ماہ سعودی کابینہ نے کیا تھا۔ نئی ویزہ پالیسی کے مطابق سنگل انٹری ویزہ حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کو دو ہزار سعودی ریال فیس ادا کرنی پڑے گی۔ تاہم پہلی بار حج یا عمرہ کے لیے آنے والے لوگ اس فیس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں رہنے والے غیر ملکی افراد کو ملک سے باہر جانے کے لیے دو سو ریال فیس دینی پڑی گی، یہ ویزہ دو ماہ کے لیے کارآمد ہوگا اور ملک سے باہر گزارے گئے ہر اضافی ماہ کے لیے سو ریال ادا کرنے پڑیں گے۔
خیال رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے کچھ ممالک میں غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کے لیے بھی ویزہ درکار ہوتا ہے۔ نئی پالیسی کے اطلاق سے قبل سنگل انٹری ویزے کی فیس پانچ سو ریال تھی۔
اس کے علاوہ چھ ماہ کے ملٹی پل ویزے کی فیس 500 ریال سے بڑہا کر 3000 ریال کردی گئی جبکہ ایک سال کے ویزے کی فیس 5000 ریال اور دو سال کے ملٹی پل ویزے کی فیس 8000 ریال کر دی گئی ہے۔ دیگر عارضی ویزوں کی فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔