لاہور (جیوڈیسک) فلم انڈسٹری کی نمایاں شخصیات نے گلوکار علی ظفر کی طرف سے سپر اسٹار شان کے متعلق غیر سنجید ہ رویّے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مصنف ہدایتکار محمد پرویز کلیم کا کہنا تھا کہ اداکار شان شاہد جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اور وہ نیشنل ازم کا پرچار کرتے ہیں لیکن گلوکار علی ظفر اس جذبے سے ناآشنا ہیں اس لیے انہو ں نے ایک پروگرام میں کہا کہ فنکاروں کے درمیان کوئی لکیر نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سرحدہی ہماری پہچان اور شناخت ہے، اپنی دھرتی سے صلاحیتیں حاصل کرکے انھیں پرائے دیس میں بیچنانا مناسب بات ہے
قابل ستائش بات یہ ہے کہ اپنے ٹیلنٹ کو اپنے ملک کے لیے استعمال کیا جائے، کسی جونیئر کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی کی دل شکنی کرے۔ علی ظفر کو چاہیے کہ وہ شان شاہد کو فون کرکے ان سے معافی مانگے۔
ہدایتکار الطاف حسین کا کہنا تھا کہ جو فنکار پیسے کے لالچ میں بھارت کی گود میں جاکر گرتے ہیں انھیں اپنے وطن کی قدر کیا ہو گی۔ شان کے والد بھی محب وطن تھے اور شان نے بھی حب الوطنی کی دامن کو ہاتھ نہیں چھوڑا، علی ظفر کو اپنے غیر اخلاقی رویّہ پر شان شاہد سے معافی مانگنی چاہیے۔
فلمساز چودھری اعجاز کامران کا کہنا تھا کہ جب کو اپنے وطن سے پیار ہوتا ہے وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک کے لیے استعمال کرتے ہیں، علی ظفر کی ہمدریاں بھارت کے لیے ہیں لیکن شان شاہد نے اپنے وطن کی خاطر بالی ووڈ میں کام کرنے کی آفر ٹھکرا دی تھی اور پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کو ترجیح دی، شان کی فیملی کی ملک کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، علی ظفر کو سینئرز کی عزت کرنی چاہیے اور اپنے غیر سنجیدہ رویے پر شان سے معافی مانگنی چاہیے۔