راولپنڈی(جیوڈیسک)بلوچستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پا ک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اورمتاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ریلیف آپریشنز میں پاک فوج کے پانچ ہیلی کاپٹرز حصہ لے رہے ہیں۔
تین سو سے زائد پاک فوج اور ایف سی کے جوان جن میں ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل عملہ اورانجینئرز بھی شامل ہیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے سولہ شدید زخمی افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
ماشکیل میں زلزلہ متاثرین کیلئے ایک طبی مرکز بھی قائم کردیا گیا ہے۔بیان کے مطابق متاثرین میں اٹھارہ سو کلوگرام غذائی اشیا ،ایک ہزار کلوگرام ادویات اور دو سو کمبل بھی تقسیم کیے گئے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق ماشکیل کی آبادی دس سے پندرہ ہزار افراد پر مشتمل ہے اور یہاں زیادہ تر مکانات مٹی سے بنے ہوئے ہیں۔