کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ بلند بانگ دعوؤں کے باوجود حکومت زلزلہ متاثرین کی امداد وبحالی میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ، غلط حکمت عملی کے باعث گزشتہ زلزلہ متاثرین آج بھی در بدر ہیں، حالیہ زلزلہ سے متاثر ین کی جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ حکومت اور مخیرحضرات اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کریں۔عمران اور ریحام خان کی طلاق کا معاملہ ذاتی ہے اس پر وبال اور ڈنڈوراپیٹناکسی صورت درست نہیں اسلام آپس میں جوڑ کا درس دیتاہے توڑ کا نہیں ،زلہ کے انتباہ پر بحیثیت قوم اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی طلب کرنا چاہیے۔
ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمدنعیم نے کہاکہ سانحات و واقعات سے سبق سیکھنے کے بجائے حکمران ایک دوسرے کو نیچا دیکھنے کی روش پر قائم ہیں اس وقت وطن عزیزکو دہشت گردی سمیت دیگر گھمبیر اہم مسائل کا سامنا ہے اور زلزلہ متاثرین بھی امداد کی راہ تک رہے ہیں ایسے میں مسائل سے جھٹکارے کیلئے ان مسائل سے نکلنے کیلیے تمام اسٹیک ہولڈز اور سیاسی قوتوں کو ایک جگہ جمع ہونا ہوگا، اچھے اعمال اچھے حکمران اور حالات پیدا کرتے ہیں اور برے اعمال برے حکمران اور حالات کا باعث بنتے ہیں ، بحیثیت قوم اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی طلب کرنے کی اشد ضرورت ہے ، انہوںنے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں عوام صرف ان لوگوں کا انتخاب کرے جو مخلص اور قوم کے دکھ درد کو سمجھنے والے ہوںہر الیکشن میں قوم جنہیں مسیحاسمجھ کر منتخب کرتی ہے وہی ملک کو نقصان پہنچانے اورقوم کی اذیت کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف حکومت کو مینڈیٹ دیکر عوام نے بڑی توقعات کے ساتھ منتخب کیا تھا مگروہ بھی غریب عوام کو مہنگائی کے علاوہ کچھ نہ دے سکے ، انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جو کمی گئی جو کہ عالمی منڈی کے تناسب سے بہت ہی کم تھی اب ایک بار پھر مہنگا کرکے غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے میں لگے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے عمران خان کی طلاق کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان رشتہ ادواج سے منسلک ہوئے جو ایک اچھی بات تھی مگر اس نکاح کا ٹوٹ جانا کسی صورت پسندیدہ نہیں ہے عمرا ن اور ریحا م کی طلاق کا معاملہ ذاتی ہے اس پر انٹر فیئر کرنا درست نہیں ہے۔