تحریر: اقبال زرقاش یہ درست ہے کہ انسان کی فنکاری بعض اوقات قدرت کو شرما دیتی ہے اور وہ اپنے ہاتھوں سے ابدی تصویریں بنا جاتا ہے۔ فطرت نے ریت کے ٹیلے بنائے ہیں اس نے اہرام مصر جیسی عمارتیں بنائی ہیں فطرت کی شب تاریک میں روشنی کرنے کیلئے اس نے چراغ ایجاد کیا۔ یہ ذوقِ تسخیر فطرت ہے جو انسان کو ہر لمحہ محوِجستجو اور سراپا اضطراب بنائے رکھتا ہے اور اس کے اس ذوق کے سامنے عناصر لرزہ براندام ہیں اس ساری مادی ترقی اور خاکی عروج کے باوجود انسان بہرحال انسان ہے اور قدرت کے سامنے بے بس اور لاچار ہے اور قدرت قادر و مختیار۔ قدرت کی آزمایشوں کا مقابلہ یہ فانی انسان نہیں کر سکتا۔
جب قدرت اپنا اظہارکرتی ہے تو اس کے رُوبرو انسان عاجز و بیچارہ نظر آتا ہے،زلزلے آتے ہیںپل بھر میں آسمان سے باتیں کرتی ہوئی عمارتیں زمیں کے ساتھ ہموار ہو جاتی ہیں۔جھکڑ چلتے ہیں مضبوط بنیادیں ہل جاتی ہیں جس سے بچاوکی تمام تدابیر رائیگاں نظر آتی ہیں ۔ ہم تمام تر ترقی کے باوجودکوئی ایساطریقہ دریافت نہیں کر سکے جس کے ذریعے ان قدرتی آفات کو روکا جاسکے۔زلزلے کے متعلق مختلف مذاہب میں مختلف روایات زبان زدعام ہیں ان کا حقیقت سے کیا تعلق ہے اس بحث میں ہمیں نہیںپڑنا چاہیے تاہم سائنیسی تحقیقات کی رو سے زمین پر اس وقت زلزلہ آتا ہے جب زیر زمین ارضی( پلیٹس) اپنے مقام سے سرکتی ہیں ۔ یہ ایسی تباہی ہے جو چند سیکنڈ کے اندر کسی بھی ملک اور شہر کا نقشہ تبدیل کرکے رکھ دیتی ہے۔زلزلہ کے بعد آنے والے آفٹر شاکس قدرے کم شدت کے ہوتے ہیں تاہم بعض اوقات یہ آفٹرشاکس کا انحصار زلزلہ کی شدت پر ہوتا ہے۔
Earthquake Disasters Pakistan
بدقسمتی سے اکتوبر کا مہینہ پاکستانیوں کو ایک ایسے سانحے کی یاد دلاتا ہے جسے شاید برسوں تک بھلایا نہ جا سکے یہ تباہ کن زلزلہ اسی ہزار لوگوں کی جانیں لے گیا، دو لاکھ سے زائد افراد زخمی ہوئے اوراتنے ہی خاندان بے گھر ہوگئے ۔ اس بار بھر اکتوبر کے ہی مہینے کی چھبیس تاریخ کووطن عزیز کے باسیوں کے اندر صف ماتم بچھاگئی۔ ریکڑ اسکیل پر 8.1 ریکار ڈ زلزلے کی شدت نے پورے ملک پر لرزہ طاری کر دیا لوگ خوف کے مارے عمارتوں ،دفاتر اور گھروں سے کلمہ طیبہ کاورد کرتے ہوئے کھلے میدانوں کی طرف بھاگ کھڑے ہوئے۔ زلزلے کی شدت سے جھولتی ہوئی عمارتیں دیکھ کر قیامت صغریٰ کا منظر آنکھوں میں گھومنے لگا۔
یہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ شدت کا زلزلہ تھا زلزلے کی گہرائی 193 کلومیٹر بتائی گئی جبکہ اس کا مرکز ہمسایہ ملک افغانستان تھا ۔2005ء میں آنے والا زلزلہ 7.6 شدت کا تھا تاہم معجزانہ طور پر جتنے نقصان کا اندیشہ تھا اتنا تو نہ ہوا مگر پھر بھی خیبر پختون خواہ میں بہت زیادہ مالی نقصان ہوا سینکڑوں افراد چھتوں سے محروم ہو گئے۔300 سے زائد ہلاکتیں اور ہزاروں زخمیوں کی اطلاعات جو کہ عمارتوں کا ملبہ اُٹھانے کے ساتھ ساتھ بڑھتی جا رہی تھیں پاک فوج اور سول انتظامیہ خاصی متحرک نظر آئی تاہم کہیںکہیں سے انتظامی غفلت اور لاپرواہی کی رپورٹ بھی میڈیا پر آئی تاہم اتنی بڑھی تعداد میں تباہی کے پیش ِنظر حکومتی سطح پر ہر ادارہ متحرک رہا خاص طور پر ہسپتالوں میں زخمیوں کی دیکھ بھال میں خاطر خواہ بہتری آئی۔
KPK Earthquake
پاکستان اور ہندوستان کافی عرصے سے زلزلہ کی فالٹ لائنز پر بتائے جا رہے ہیں جہاں پر عموماًزیادہ زلزلے آتے ہیں۔ اولین فالٹ لائن ہندستان اور پاکستان کے شمالی علاقوں میں ہمالیہ کے پہاڑوں سے افغانستان، ایران اور پھر ترکی سے گزرتی ہوئی براعظم یورپ میں یوگوسلاویہ سے فرانس تک جاتی ہے ۔ دوسری فالٹ لائن براعظم شمالی امریکہ کی مغربی ریاست الاسکا کے پہاڑی سلسلے سے شروع ہو کر جنوب کی طرف میکسیکو سے گزر کر لاطینی امریکہ کے ممالک کولمبیا، ایکواڈور اور پیرو سے چلی تک پھیلی ہوئی ہے۔ تیسری فالٹ لائن جاپان سے شروع ہوکر تائیوان، فلپائن، برونائی، ملائیشیا اور انڈونیشیا تک جاتی ہے۔ اس حوالے پاکستان میں حکومت کو تعمیرات کے حوالے سے سائینسی بنیادوں پر پیش بندی کرنے کی ضرورت ہے۔
تعمیرات میں مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے زلزلوں میں ہونے والے نقصانات پر کسی حد تک قابوپایا جا سکتا ہے لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ تعمیرات کے حوالے سے چاروں صوبوں میں زلزلے کے حوالے سے خصوصی اقدامات کو مدنظر رکھ کر گھروں ، عمارتوں ، دفاتر اور سکولوں وغیرہ کی تعمیرات کا ایسا شیڈول جاری کرے جس سے پاکستان میں آنے والے زلزلے کے نقصانات کو اگر روکا نہیں جا سکتا تو کم از کم کسی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔مذہبی حوالے سے بھی اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی زندگی قرآن و سنت کے حوالے سے گزار کر اللہ تعالیٰ کی ناراضگی سے بچا جا سکتا ہے ہم مصیبت میں اللہ تعالیٰ کو یاد کرتے ہیں اس کی مدد چاہتے ہیں کیونکہ موت ہمارے سر پر منڈلا رہی ہوتی ہے بعدازاں پھر ہم اپنی بداعمالیوں پر رواں دواں رہتے ہیں۔
بقول شاعر ” ذرا سی زمین کیا ہلی سب کو خدا یاد آگیا”