اسلام آباد (جیوڈیسک) زلزلے سے متعلق بریفنگ میں وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے زلزلے کے بعد بحالی کے ہنگامی اقدامات کیلئے اجلاس منگل کو طلب کیا ہے۔ وفاق خیبر پختونخوا حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے اور انہیں ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔
متاثرہ علاقوں کا ہیلی کاپٹر اور فضائی سروے شروع کر دیا ہے تاکہ متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ پرویز رشید نے بتایا کہ وزیراعظم ہائوس میں کرائسز منیجمنٹ سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے متاثرہ علاقوں سے معلومات اکٹھی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین بحالی کیلئے کسی غیر ملکی امداد کی ضرورت نہیں ہے۔
پاکستان پنے بھائیوں کی خود مدد کرے گا۔ وفاقی وزیر کی جانب سے دیئے گئے اعدادوشمار کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ چترال ہے جہاں 18 افراد جاں بحق اور 55 زخمی ہوئے۔ شانگلہ میں 18 افراد جاں بحق، 14 زخمی، بونیر میں 8 افراد جاں بحق، 70 زخمی، مردان میں 2 افراد جاں بحق، 70 زخمی جبکہ بٹگرام میں 15 افراد زخمی ہوئے۔
پشاور میں 6 افراد جاں بحق 80 زخمی، باجوڑ میں 8 افراد جاں بحق 41 زخمی، سوات میں 12 افراد جاں بحق، 60 زخمی، اپر دیر میں 7 جاں بحق اور 50 زخمی، صوابی میں 2 افراد جاں بحق 50 زخمی اور مہمند ایجنسی میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ مالاکنڈ میں ایک شخص جاں بحق، مانسہرہ میں ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی، کوہستان میں 3 افراد جاں بحق 2 زخمی، سیالکوٹ میں 2 افراد جاں بحق، آزاد کشمیر میں ایک شخص اور گلگت بلتستان میں 6 افراد زلزلے سے جاں بحق ہوئے۔