بنگوئی(جیوڈیسک) وسطی افریقی جمہوریہ میں بغاوت کے بعد صدر ملک سے فرارہوگئے۔ صدارتی محل سمیت پورے دارلحکومت بنگوئی پر باغیوں کے قبضے کے بعد شہر میں لوٹ مار مچ گئی۔ وسطی افریقی جمہوریہ کے باغیوں کی تنظیم Slka Coalition اور صدر Franois Boziz کے درمیان 2007 میں امن معاہدہ اور جنوری 2013 میں جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا جو کچھ ہی دنوں میں ٹوٹ گیا۔
باغیوں نے فرینکوئس بوزیزے پر معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے دارالحکومت بنگوئی پر دھاوا بول دیا۔ شہر پر قبضے کے بعد مفرور صدر کے بیٹے کا گھر، اقوام متحدہ کے دفتر سمیت مختلف سرکاری و نجی دفاتر اور متعدد دکانیں لوٹ لی گئیں۔ جس کے ہاتھ جو لگا وہ لے اڑا۔ اس لوٹ مار میں خواتین بھی پیچھے نہ رہیں اور کئی عورتیں لوٹ کا مال سروں پر اٹھا کر لے جاتی دیکھی گئیں۔