نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی چیف آف آرمی اسٹاف دلبیر سنگھ کا کہنا ہے کہ فوج کو قلیل المدتی جنگ کے لئے ہروقت تیاررہنے کی ضرورت ہے۔
نئی دلی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ نے کہا کہ پاک بھارت سرحد پر دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ مستقبل میں ہونے والی قلیل المدتی جنگ کا پیش خیمہ ہے اور اس حوالے سے آگاہ ہیں اس لئے فوج قلیل المدتی جنگ کے لئے ہمہ وقت تیار رہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیرمیں جنگ کے لئے نئے طریقے اپنائے جارہے ہیں اورمشرقی سرحد پربڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث فوج کو مزید الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔
بھارتی آرمی چیف نے تسلیم کیا کہ انہیں پیچیدہ خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے اور اسی سلسلے میں گزشتہ چند سالوں کے دوران بری فوج کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
جنرل دلبیر سنگھ نے 1965 کی پاک بھارت جنگ کے حوالے سے اپنے منہ میاں مٹھو بنتے ہوئے بھارتی فوج کی تعریف کی اور 1971 میں پاکستان کو دو لخت کرنے میں بھارتی فوج کے کردار کو بھی سراہا۔