اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے مشرقی یورپ کو جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے لیے تجارتی راہداری فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے پاکستان میں توانائی، کوئلے، بھاری اسٹیل انڈسٹری اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
یورپین اکنامک کانگریس اور پاکستان سینٹرل یورپ اکنامک کوآپریشن فورم کے پولینڈ کے شہر کیٹووس میں منعقدہ اجلاس میں خطاب اور بعدازاں سیاسی و تجارتی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران انھوں نے کہاکہ پولینڈ پاکستان میں چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کی ترقی اور ترویج کے لیے تعاون کرے۔
وفاقی وزیر نے پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر معیشت جینوسزپیچوسنسکی سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے پولش نائب وزیراعظم کو پاکستان کی توانائی پالیسی کے بارے میں آگاہ کیااور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع خلیج کو پر کرنے کی دعوت دی۔
وفاقی وزیر نے پولش نائب وزیراعظم کو تجارت بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ وزرا کمیشن کی میٹنگ منعقد کرنے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یورپین اکنامک کانگریس یورپ کے چند بڑے تجارتی فورم میں شامل ہے اور پاکستان اس پلیٹ فارم کو مشرقی اور وسطی یورپ سے تجارت بڑھانے کے لیے استعمال کرے گا۔ وفاقی وزیر نے پولش نائب وزیراعظم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے بخوشی قبول کرلی۔
وفاقی وزیر نے یورپین پارلیمنٹ کے سابق صدر اور پولینڈ کے سابق وزیراعظم جرزی بوزیک سے بھی ملاقات کی اور جی ایس پی پلس کے حصول میں پولینڈ کی تائید پر شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے پولش انٹرپرائزڈیولپمنٹ ایجنسی (پی اے ای ڈی) کی صدر بوزینا بونسکا سے بھی ملاقات کی اور سمیڈا اور پی اے ای ڈی کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ پی اے ای ڈی کی صدر نے سمیڈا کے لیے مشترکہ ٹریننگ اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پروگرام کی تجویز پیش کی۔ ملاقات میںفیصلہ کیا گیا کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان پولینڈ کے تجارتی دوروں کا سالانہ شیڈول جاری کرے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تاجروں کی سطح پر تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے پولش اور یورپین کانگریس میں شامل سرمایہ کاروں کو 23 تا 26 اکتوبر 2014 کو ہونے والی ایکسپو پاکستان میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر کے ہمراہ 35 سرمایہ کاروں اور تاجروں کا وفد بھی ہے جس کی صدارت فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زکر یا عثمان کررہے ہیں۔ وفد کے ذریعے پاکستانی تاجروں کی یورپین تاجروں سے تعاون بڑھانے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔