آسان پچ کا کمال: گھر کے شیر دیار غیر میں بھی غرانے لگے

Virat Kohli

Virat Kohli

ایڈیلیڈ (جیوڈیسک) آسان پچ دیکھ کرگھر کے شیر دیار غیر میں بھی غرانے لگے، ٹیسٹ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم 444 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ ویرات کوہلی نے بطور کپتان اپنے پہلے میچ کو سنچری سے یادگار بنا لیا، مرلی وجے، چتیشور پجارا اور اجنکیا راہنے نے ففٹیز کیں۔ ناتھن لوین نے 5 شکار کئے جب کہ مچل جونسن اور پیٹر سڈل نے 2،2 اور ریان ہیرس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں بھارت پر 73 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے گذشتہ روزکے اسکور 7 وکٹ 517 رنز پر ہی اننگز ڈیکلیئرڈ کی، آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے تیسرے روز بیٹنگ کیلیے میدان میں اترنا مناسب نہ سمجھا، یوں 7 وکٹ پر 517 رنز کے ہی اسکور پر اننگز ڈیکلیئرڈ ہو گئی، میزبان سائیڈ کے وہم و گمان میں بھی یہ بات نہیں تھی کہ بھارتی ٹیم اتنا زوردار جوابی حملہ کرسکتی ہے، اس نے فالو آن سے بچنے کیلئے 318 رنز کا ہدف آسانی سے عبور کیا۔ اوپنر شیکھر دھون آغاز میں کافی خطرناک دکھائی دیے، انھوں نے 5 باؤنڈرز جڑ کر اپنے عزائم بھی ظاہر کیے مگر بدقسمتی سے ہیرس کی گیند ان سائیڈ ایج پر وکٹوں میں جاگھسی، اس طرح وہ 24 بالز پر 25 رنز بناکر واپس لوٹ گئے۔

دوسرے اوپنر مرلی وجے نے آف اسپنر لیون کو2 چھکے جڑے مگر ففٹی مکمل کرتے ہی 53 رنز پر مچل جونسن کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے۔ چتیشور پجارا نے ابھی سنچری کے خواب اپنی آنکھوں میں سجائے ہی تھے کہ ناتھن لیون نے 73 رنزپر شکار کرلیا۔ اجنکیا راہنے بھی مضبوط آغاز اور اچھی طرح سیٹ ہونے کے باوجود اپنی اننگز کو سنچری میں تبدیل نہیں کرپائے۔

لیون کی گیند پر سلپ میں واٹسن کا کیچ بننے سے قبل انھوں نے 62 رنز بنائے، کوہلی نے ایڈیلیڈ پر اپنی دوسری اور مجموعی طور پر ساتویں سنچری مکمل کی، اس سے قبل انھوں نے اسی وینیو پر تین برس قبل 116 رنز بنائے تھے جو ان کی پہلی تھری فیگر اننگز تھی، کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کی مگر کھیل ختم ہونے سے صرف تین اوور قبل جونسن کی شاٹ بال کو پل کرنے کی کوشش میں ہیرس کا کیچ بن گئے، انھوں نے 115 رنز بنائے، جب دن کا اختتام ہوا تو بھارت نے 5 وکٹ پر 369 رنز بنالیے تھے، روہت شرما بھی 43 اور وردھیمان ساہا 25 رنز بنا کر لیون کا شکار بنے۔