ایبولا کا خطرہ، گنی میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی

Koya Peoples

Koya Peoples

کویا (جیوڈیسک) افریقی ملک گنی کے صدر ایلفا کونڈ نے ایبولا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر ملک کے پانچ مختلف علاقوں میں 45 روز کے لئے ’ہیلتھ ایمرجنسی‘ لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ ایمرجنسی ملک کے مغربی اور جنوب مغربی حصوں میں لگائی گئی ہے۔گنی میں دسمبر 2013ء میں ایبولا کی وباء پھیلنا شروع ہوئی تھی۔ہیلتھ ایمرجنسی کے تحت کسی بھی ہسپتال یا کلینک میں ایبولا کے مریض کی تصدیق ہونے جانے کے بعد اسے بند کر دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اس مرض کے شکار ہونے کے بعد وفات پا جانے والوں کی تدفین کے لئے بھی نیا قانون بنایا گیا ہے اور ممکنہ طور پر مریضوں کو بالکل الگ اور محفوظ جگہ پر رکھا جائے گا۔

جنوری 2015ء میں عالمی ادارہ صحت نے گنی، لائبیریا اور سئیر الیون میں ایبولا کے کیسوں کی تعداد میں تیزی سے کمی کی رپورٹ دی تھی لیکن اب ایک بار پھر ان ممالک میں ایبولا کی وباء پھوٹنے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ملک کے پانچ علاقوں میں ایبولا کے پھیلائو کے خطرے کے پیشِ نظر ہیلتھ ایمرجنسی لگانے کا تحریری بیان سرکاری میڈیا پر شائع کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق فورکرایا، بوفا، کنڈیا، ڈوبریکا اور کویا میں 45 روز کے لئے ہیلتھ ایمرجنسی لگائی جا رہی ہے۔