ایبولا کا مرض افریقی ملک کانگو جا پہنچا

Ebola Virus

Ebola Virus

کنشاسا (جیوڈیسک) افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں حکام نے ملک کے شمالی علاقوں میں ایبولا وائرس کے پھیلائو کی تصدیق کر دی ہے۔

کانگو میں دو مریضوں کے تجزیوں سے پتہ چلا ہے کہ ایکواٹیور صوبے میں ایبولا کی بیماری موجود ہے اور وہیں 13 افراد اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

یہ وائرس مغربی افریقا میں پائے جانے والے ایبولا وائرس سے مختلف ہے۔ ایبولا کی تصدیق کے بعد علاقے میں بیماری کو محدود کرنے کے لیے کورنٹین زون یا قرنطینہ بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ کانگو مغربی افریقہ کے باہر پہلا ایسا ملک ہے جہاں ایبولا کے مرض کی تصدیق ہوئی ہے۔

اب تک ایبولا سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 1427 ہو چکی ہے جبکہ مریضوں کی کل تعداد 2600 سے زیادہ ہے۔ جمہوریہ کانگو کے صوبے ایکواٹیور میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران متعدد افراد غیر معمولی بخار میں مبتلا ہو کر ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ یہ واقعات بوئندے نامی علاقے میں پیش آئے ہیں اور وہاں 100 کلومیٹر کے علاقے کو قرنطینہ قرار دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ کانگو میں ایبولا کی وباء پھیلنے کا ساتواں واقعہ ہے۔

یہ وائرس پہلی مرتبہ کانگو میں ہی 1976ء میں دریائے ایبولا کے قریب پایا گیا تھا۔ ادھر ایبولا سے متاثرہ افریقی ملک سیر الیون کی پارلیمان نے ایک قانون منظور کیا ہے جس کے تحت ایبولا کے مریض کو چھپانا جرم ہوگا۔

اگر صدر اس کی منظوری دے دیتے ہیں تو ایسا کرنے والے کو دو سال قید تک کی سزا دی جا سکے گی۔ عالمی ادارہ صحت پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ مغربی افریقہ میں ایبولا وائرس جس رفتار اور شدت سے پھیلا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ اقوامِ متحدہ کا یہ ذیلی ادارہ پہلے ہی ایبولا کو کلِک صحت کی بین الاقوامی ایمرجنسی قرار دے چکا ہے۔

ایبولا کا وائرس فروری میں گنی سے پھیلنا شروع ہوا تھا اور اب تک وہ لائبیریا، سیرالیون اور نائجیریا تک پھیل چکا ہے۔ تاحال ایبولا کا کوئی علاج دریافت نہیں ہو سکا ہے لیکن کچھ افراد زیڈ میپ نامی تجرباتی دوا کے استعمال سے شفایاب ہوئے ہیں لیکن اب یہ دوا بھی دستیاب نہیں ہے۔