اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان پیکیج کی حتمی منظوری دے دی

ECC Meeting

ECC Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2 ارب روپے مالیت کے رمضان پیکیج کی حتمی منظوری دے دی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، گھی، آئل، دالیں، کھجوریں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء سستے داموں فروخت کی جائیں گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا جس میں رمضان پیکیج کی منظوری دی گئی۔ رمضان کے دوران آٹے پر فی کلو 6 روپے سبسڈی دی جائے گی۔ گھی اور آئل پر دس روپے فی کلو، دال چنا، دال مونگ، ماش اور مصور کی دال پر بھی دس روپے فی کلو رعائت دی جائے گی۔

سفید چنے، بیسن، کھجور، سیلا اور ٹوٹا چاول پر بھی دس روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔ مختلف قسم کے مشروبات بھی مارکیٹ کے مقابلے میں کم قیمت دستیاب ہونگے۔

چائے کی پتی پر 50 روپے فی کلو، ٹیٹرا دودھ پر 10 روپے لیٹر اور مصالا جات پر بھی دس فیصد رعائت دی جائے گی۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر کھانے پینے کی اشیاء رمضان المبارک سے ایک ہفتے قبل یعنی 23 جون سے دستیاب ہونگی۔