ای سی سی آج رمضان پیکیج اور یوریا کی درآمد کا فیصلہ کرے گی

Urea

Urea

اسلام آباد (جیوڈیسک) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کی جانب سے بدھ کو 2 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج اور خریف سیزن میں کھاد کی ضرورت پوری کرنے کیلیے3 لاکھ ٹن یوریا درآمد کرنے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائےگا،گزشتہ ماہ فرٹیلائزر کمیٹی کے اجلاس میں 3 لاکھ 80 ہزار ٹن یوریا درآمد کرنے کی سفارش کرتے ہوئے زور دیا گیا تھا کہ ای سی سی خریف سیزن کی کھاد ضرورت پوری کرنے کیلیے درآمد کی بروقت منظوری دے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 3 لاکھ ٹن کے لگ بھگ یوریا کی درآمدکے حوالے سے سمری کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے لگ بھگ2 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکیج کی بھی منظوری دینے پر غور ہوگا تاکہ عوام کو اشیا کم ریٹ پر فروخت کر کے ریلیف فراہم کیا جاسکے اور اس پیکیج سے آمدنی میں اضافہ کرکے یوٹیلٹی اسٹورز کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اگر پیکیج منظور نہیں کیا جاتا تو یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن میں ڈاؤن سائزنگ پر غور کرنا پڑے گا اور اسٹور بند کرنا پڑیں گے جس کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن سے کنٹریکٹ ملازمین اور ڈیلی ویجرز کو فارغ کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جائیگا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آر ایل این جی کی قیمت کے تعین کے فارمولے کی نظرثانی شدہ سمری کی منظوری پر بھی غور ہوگااور آر ایل این جی کی قیمت کے تعین کے فارمولے کی منظوری متوقع ہے اور اسی فارمولے کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا، آر ایل این جی کی قیمتوں کے تعین اور نجی شعبے کی طرف سے درآمدی ایل این جی کی قیمت و سپلائی کے میکنزم ودیگر متعلقہ ایشوز کا جائزہ لے کر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔