لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سابق صدر پرویز مشرف اورپاکستان علما کونسل کے سربراہ حافظ طاہراشرفی سے ٹیلی فون پررابطہ کیا ہے۔ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے ٹیلی فون پر گفتگو میں الطاف حسین نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے ان کا نام نکالے جانے کے عدالتی فیصلے پر مبارکباد دی اور کہاکہ اللہ تعالیٰ آپ کی والدہ کو صحت دے، جلد آپ کی ان سے ملاقات ہو۔
اس موقع پر پرویز مشرف نے انھیں انصاف دلوانے کیلیے آواز بلند کرنے پر الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا۔ الطاف حسین نے پاکستان علما کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ کراچی ایرپورٹ اور مسلح افواج کی حساس تنصیبات پر دہشت گردوں کے حملے لمحہ فکریہ ہیں۔ وقت آگیاہے کہ ملک کو ان دہشت گردوں سے نجات دلائی جائے۔