اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ایکنک کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لواری ٹنل منصوبہ اور اس سے ملحقہ سڑکوں کو 2017 تک مکمل کرنے کی بھی منظوری دی۔
منصوبے کے تحت 8 کلو میٹر لواری ٹنل اور ملحقہ 40 کلو میٹر سڑک تعمیر ہو گی جبکہ چکدرہ سے چترال تک 130 کلو میٹر سٹرک کی توسیع اور مرمت بھی کی جائیگی۔ منصوبے سے چکدرہ ، تیمر گرہ، دیر اور چترال سمیت کئی علاقوں کو فائدہ پہنچے گا۔
خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ نے منصوبے میں خصوصی دلچسپی لینے اور اس کی جلد تکمیل کے احکامات پر وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ ایکنک اجلاس میں 89 کلو میٹر لاہور سیالکوٹ موٹروے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔
منصوبے پر43 ارب روپے سے زائدلاگت آئے گی ۔ منصوبے سے لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے عوام کو فائدہ ہو گا۔ قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کراچی پورٹ پر 9 ارب 56 کروڑ روپے کی لاگت سے شپ لفٹ ٹرانسفر سسٹم کی بھی منظوری دی۔
ایکنک نے 22 ارب 16 کروڑ روپے کی لاگت سے بلوچستان میں پانی کے وسائل کی بہتری کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ منصوبے سے بلوچستان کے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا اور لائیو سٹاک کے شعبے میں بھی بہتری آئے گی۔