اسلام آباد (جیوڈیسک) ایکنک کے اجلاس میں اسلام آباد راول پنڈی میٹرو بس سروس کا منصوبہ منظور کرلیا گیا ہے جبکہ 735 ارب روپے مالیت کا داسو ہائیڈرل منصوبہ زیر غور نہ آسکا ہے۔ اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی ایکنک کے اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی۔
اجلاس میں اسلام آباد راول پنڈی میٹرو بس سروس کا منصوبہ منظور کیا گیا جس کی مالیت 23 ارب روپے ہے۔ یہ بس سروس راول پنڈی صدر کے علاقے فلیشن مین سے شروع ہوگی اور فیض آباد اسلام آباد نائنتھ ایونیو سے ہوتی ہوئی جناح ایونیو اور پھر پاک سیکریٹریٹ پہنچے گی۔
ذرائع کے مطابق ایکنک کے اجلاس میں 8 کھرب مالیت سے زائد کے 13 منصوبوں پر غور ہونا تھا، جس میں 735 ارب روپے مالیت کا داسو ہائیڈل پراجیکٹ بھی شامل تھا لیکن ان منصوبوں کی رپورٹس تیار نہیں تھیں اور انہیں آئندہ اجلاس میں زیر غور لایا جائے گا۔