اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس شہر اقتدار میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی نے گندم کی برآمد کی پروسیسنگ کے دورانئے میں 31 اگست سے 30 اکتوبر تک توسیع کی منظوری دے دی۔
کمیٹی نے برآمدات بڑھانے سے متعلق وزیر اعظم کے برآمدی پیکج کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 180 ارب روپے کے برآمدی پیکج نے ملک کی برآمدات بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم نے برآمدی پیکج کے اثرات کے تفصیلی جائزے اور اس کے دائرہ کار میں تبدیلیاں تجویز کرنے کیلئے خزانہ، تجارتی ڈویژن اور ایف بی آر کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی۔
ای سی سی نے ملک میں 27 لاکھ 88 ہزار میٹرک ٹن چینی کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے وزارت تجارت کو شوگر ملوں کو 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کا اختیار بھی دیا۔