اسلام آباد (جیوڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان اسٹیل کی تنظیم نو اور ادارے کے لیے 28 ارب روپے کے بیل آوْٹ پیکیج پر غور کا امکان ہے۔
وزارت صنعت وپیداوار نے اسٹیل ملز کی نجکاری سے قبل تنظیم نو کی سمری ای سی سی کو بھیج دی ہے جس میں اسٹیل مل کو چلانے کیلئے 28 ارب روپے مانگے گئے ہیں جبکہ تنظیم نو کے دیگر آپشنز بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔
اجلاس کے دوران افغانستان میں پاکستان کی امداد سے سڑکیں بنانے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی ملک میں یوریا کھاد کی درآمد اور اسٹاک کا جائزہ بھی لے گی۔
اجلاس میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے لیے اس کا اپ فرنٹ ٹیرف اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کارکردگی پر بھی غور کیا جائے گا۔