اسلام آباد (جیوڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایل این جی کی درآمد کی منظوری دے دی ہے اور یہ گیس براہ راست حکومتی رابطوں کے ذریعے درآمد کی جائے گی ، پہلے مرحلے میں قطر سے ایل این جی کی درآمد پر بات چیت کی جائے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 50 کروڑ مکعب فٹ ایل این جی درآمد کی جائے گی۔
اجلاس میں یونی ورسل سروسز فنڈ کے قوانین میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس فنڈ میں 66 ارب روپے پڑے ہیں جو سرکاری خزانے میں جمع ہو جائیں گے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تین لاکھ ٹن یوریا کھاد درآمد کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔ اجلاس میں سرکلر ڈیٹ پر بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مختلف ادارے سرکلر ڈیٹ کی رقم ایک دوسرے کو 21 جولائی تک ادا کردیں۔