کراچی (جیوڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر اشرف وتھرا نے سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ کو آگاہ کیا ہے کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کا کوئی منصوبہ رجسٹریشن کے لیے تاحال مرکزی بینک کے پاس نہیں بھیجا گیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت اسٹیٹ بینک کراچی میں ہوا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
جس کے تحت پہلے مرحلے میں جنوری 2017 تک 30 بڑے شہروں میں نوٹوں کی تصدیق کی مشینیں نصب کی جائیں گی جبکہ جنوری 2018 کے بعد صرف مشینوںسے جاری ہونے والے نوٹ ہی قابل قبول ہوں گے، جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے تمام اے ٹی ایمز پر بھی جدید لاک اپ سسٹم نصب کیا جائے گا۔
اجلاس میں کمرشل بینکوں کے سربراہان بھی شریک ہوئے جنہوں نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے مرکزی بینک کی ہدایات کے مطابق نوٹوں کی تصدیق کی مشینیں نصب کی جارہی ہیں جبکہ اے ٹی ایمز پر بھی یہ نظام لگایاجائے گا۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ جعلی کرنسی کی آڑ میں عام صارفین کو ہراساں نہ کیا جائے جبکہ قوانین میں بھی ترمیم کی جاسکتی ہے۔