پشاور (جیوڈیسک) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے پر تحفظات دور کیے جائیں، راہداری قومی تعمیر و ترقی کا منصوبہ ہے، تمام صوبوں کو فائدہ پہنچنا چاہیے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق سوالات کے جواب ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے قومی سطح پرہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، راہداری روٹ میں تبدیلی سے سیاسی جماعتوں میں تشویش پائی جاتی ہے، اقتصادی راہداری سے متعلق شکوک و شبہات دور کرنے کی ضرورت ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ ڈیڈ لاک نہیں چاہتے، حقائق سے حکومت کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔