لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے جلد پاکستان میں سٹیل کی پیداوار شروع کردی جائے گی، کہتے ہیں ترقیاتی میں منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے ایکسپو سینٹر لاہور میں پاک چین بزنس فورم کاافتتاح کیا ، تقریب سے خطاب میں محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاک چین کی دوستی ہمالیہ سے بڑی اور شہد سے میٹھی ہے۔
معدنیات کے شعبے میں چین کی کمپنی تیزی سے کام کر رہی ہے ، چین کے تعاون سے جلد پاکستان میں سٹیل کی پیداوار شروع کر دی جائیگی ، اورنج لائن منصوبے کیلئے چین نے 100 فیصد سرمایہ کاری کی ہے ۔ توانائی کے شعبے میں اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر تاریخی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ، چین کے ساتھ 46 ارب ڈالر کا اقتصادی راہداری منصوبہ تاریخی ہے۔ چین کے تعاون سے جاری توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کا بحران ختم ہو جائیگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان میں قرض کی بجائے سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر معاہدوں میں ٹینڈر لیے گئے ، تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔