اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی) منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
’’دستاویز کے مطابق اقتصادی راہداری منصوبوں پرعمل درآمد کے بارے میں آئندہ عشرے کے دوران اہم فیصلے متوقع ہیں جس کے لیے چھٹی پاک چائنا قونصل کنسلٹیشن 2016 کانفرنس 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں طلب کرلی گئی ہے،مذکورہ کانفرنس کا یجنڈا طے کرنے کے لیے بین الوزارتی اجلاس بھی منعقد ہوچکا ہے اور ایجنڈا اختتامی مراحل میں ہے۔
دستاویز کے مطابق وزارت پانی و بجلی، وزارت مواصلات سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لیے اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں سے متعلق تمام تر تفصیلات رواں ہفتے کے دوران فراہم کی جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کانفرنس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کے بارے میں اہم فیصلے متوقع ہیں کیونکہ دونوں ممالک نے راہداری منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ مذکورہ کانفرنس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے بارے میں بھی اہم پیشرفت متوقع ہے، دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدے اور ایم او یوز بھی ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے معاہدے میں ترامیم سمیت دیگر معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔