اسلام آباد (جیوڈیسک) جے یو آئی (ف) سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے میں تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ اس منصوبے میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ہے۔
اقتصادی راہداری منصوبہ وفاق کی تمام اکائیوں کے لئے نہایت اہم ہے۔ منصوبہ پر مرحلہ وار عملدرآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کو خنجراب سے مختلف راستوں سے منسلک کیا جائیگا۔ حکومت ترجیحی بنیادوں پر این پچاسی اور ایم ایٹ پر کام کر رہی ہے۔
اس موقع پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے میں روٹ کی تبدیلی کے حوالے سے من گھڑٹ افواہیں پھیلائی گئی جس سے خیبر پختونخوا کی عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ملاقات میں اقتصادی راہداری کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات دور کر دیئے ہیں۔