کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری لعنت اور مہنگائی میں اضافہ کا باعث ہے،عوام ڈالرز کو مارکیٹ میں لاکر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں مدد کرے ، ڈالر کی ذخیرہ اندوزی گناہ ہے معمولی منافع کیلئے اپنی آخرت برباد نہ کی جائے۔ بدھ کوجامعہ بنوریہ عالمیہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ ملک اس وقت معاشی طور پر دیگر گوں صورتحال سے گزر رہاہے ایسے میں ہر شخص کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اپنا کر دار اداکرے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر روپے کی قدر مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
جب تک ہم ایک قوم نہیں ہوں گے مسائل حل نہیں ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ جس طرح دیگر اشیاء میں منافع خوری کیلئے ذخیرہ اندوزی جائز نہیں ہے اسی طرح معاشی بحران میں منافع کی غرض سے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی بھی جائز نہیں ہے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری ایسی لعنت ہے جس کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوتاہے اس لیے اسلام ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی بھرپور مذمت کرتاہے ،مسلمان تاجروں کو اسلام سے رہنمائی لینے کی ضرورت ہے تجار ت اگر اسلامی اصولوں کے مطابق کی جائے تو وہ بھی عبادت ہے اس لیے تاجروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی صفوں میں موجود ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری میں ملوث افراد کو بے نقاب کریں انہوں نے کہاکہ مہنگائی بے روزگاری کے باعث عوام کی زندگیا اجیرن بن چکی ہیں بابرکت مہینے میں ذخیرہ اندوزی کرنے والے اللہ سے ڈریں اورذخیرہ اندوزی کبیرہ گناہ ہے جس سے بچنا ضروری ہے۔