راولپنڈی (جیوڈیسک) دہشت گردی کے واقعات نے بین الاقوامی سطح پر ملک کے تشخص کو نقصان پہنچایا راولپنڈی چیمبر کے صدر ڈاکٹر شمائل دائود آرائیں نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے لئے گہری سازش قرار دیا ہے۔
اور کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی حالت بہتری کی طرف مائل ہونا شروع ہوئی تھی کہ پے در پے واقعات نے بین الاقوامی سطح پر ملک کے تشخص کو نقصان پہنچایا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک بار پھر سوچنے پر مجبور کیا ہے۔
حکومت کواگر اقتصادی ترقی یقینی بنانی ہے تو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے۔ کاروباری برادری اور سرمایہ دار طبقہ کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہو گا۔ تا کہ معاشی و صنعتی ترقی کے سفر کو جاری رکھا جا سکے۔