کراچی ( اسٹاف رپورٹر )قوم کی معاشی زبوں حالی اور عوام کے بیشتر مسائل کی وجہ توانائی بحران ہے جس کی وجہ سے نہ صرف پیداواری ‘ صنعتی ‘ تجارتی اور کاروباری عمل متاثر ہورہا ہے بلکہ مہنگائی ‘ بیروزگاری ‘غربت ‘ نا انصافی اور استحصال سے دوچار عوام کیلئے بھی توانائی بحران مزید ذہنی و جسمانی اذیت کا باعث بن رہا ہے اور معاشرے میں احساس محرومی بڑھتا ہی جارہا ہے۔
جس کی وجہ سے بد امنی ‘ جرائم اور دہشتگردی میں بھی اضافہ ہورہا ہے اسلئے ضیائی آمریت کے بعد گزشتہ 30 سالوں کے ودران اقتدار میں آنے والے تمام سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کے ادوار اقتدار کا مکمل احتساب کیا جائے اور جس دور اقتدار میں قومی ضروریات کے مطابق توانائی کے حصول اور بجلی پیدا کرنے میں اجتناب و تساہل سے کام لیا گیا ہو اس دور میں بر سر اقتدار تمام سیاستدانوں پر ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کامقدمہ چلایا جائے۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے مزید کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ پر کمیشن کمانے اور اسے برباد کرنے والے تمام سیاستدانوں و حکمرانوں کو نشان عبرت بنایا جائے کیونکہ یہ اس پراجیکٹ پر سودے بازی قوم کے مستقبل کی سودے بازی اور اس پراجیکٹ کو نظر انداز کرنا ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے اس لئے نندی پور پراجیکٹ میں کک بیک لینے ‘ اس کی بروقت تکمیل میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور اس کی تکمیل کیلئے نظر اندازی کی پالیسی کے ذریعے قوم کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف عدلیہ اور فوج دونوں اپنا اپنا ذمہ دارانہ اور محبانہ کردار ادا کریں۔