کراچی (جیوڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں اور مافیا نے قبضہ کر رکھا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف جنگ عوام کے تعاون سے کامیاب ہو گی۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی کا کہنا تھا کہ پرانے وقت میں شہر میں امن تھا لیکن اب اس شہر پر مافیا اور دہشت گردوں نے قبضہ کر رکھا ہے، ملک کے معاشی حب کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔
شہر میں شیعہ سنی قتل کئے جا رہے ہیں۔ انڈر ورلڈ اور فرقہ وارانہ دشمنیوں میں کئی قیمتی جانیں جا چکی ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قتل و غارت گری روکنے میں بے بس نظر آتے ہیںِ۔ کراچی میں گزشتہ سال 2 ہزار افراد مارے گئے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدلیہ تنہا تبدیلی نہیں لا سکتی۔ دہشت گردوں کے خلاف جنگ عوام کے تعاون سے کامیاب ہو گی۔