معاشی بدحالی بڑھتی جارہی ہے اور بھوک ہر گھر میں ڈیرے ڈال رہی ہے، روشن پاکستان پارٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اقتدار کیلئے سیاستدانوں کی باہمی جنگ نے قوم کوعذاب میں مبتلا کررکھا ہے ایک جانب لوگ نیا پاکستان بنانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں تو دوسری جانب جمہوریت کے نام پر استحصالی نظام اور حق اقتدار بچانے کی کوشش ہورہی ہے تیسری جانب مزید صوبوں کے قیام کا مطالبہ اور اس مطالبے کی مخالفت زور پکڑرہی ہے جس کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی بدحالی نے عوام کی حالت خراب کردی ہے اور آہستہ آہستہ بھوک ہر گھر میں ڈیرے ڈالتی جارہی ہے جو یقینا پاکستان اور پاکستانیوں کے مستقبل کیلئے کسی بھی طور سودمند نہیں ہے۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر علی پٹی والا نے وائس چیئرمین اسلم خان، صدر محمد سلیمان سولنگی راجپوت ،سینئر نائب صدر امیر علی خواجہ ، ایڈوکیٹ راجہ انور،اقبال ٹائیگر ، ایڈوکیٹ انیتا اور تبسم ناز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کو مصائب و مسائل سے بچانے اور ملک میں عوام کی حکمرانی کے ذریعے پائیدار جمہوریت کے قیام کیلئے ایک ایسا قابل عمل فارمولہ پیش کیا ہے جس پر عملدرآمد سے تمام مسائل اور بحرانوں کا حل ممکن ہے

جبکہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں جمہوریت کو تمام خدشات و خطرات سے محفوظ بنانے کیلئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی نئے پاکستان کے خالقوں اور جمہوریت پسندوں کے درمیان ثالثی کیلئے اپنامثبت و موثر کردار ادا کرسکتی ہے اور سیاستدان ہمارے پیش کردہ فارمولے پر عملدرآمد کے ذریعے ملک و قوم کو مستحکم ، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا تحفھ دے سکتے ہیں۔