نوٹینگھم (جیوڈیسک) برینڈن ٹیلر کا کہنا تھا کہ میرا بھی خاندان ہے اور مجھے اس کی ضروریات پوری کرنا ہیں۔ اس لئے میں نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ کر کائونٹی کرکٹ کھیلنے کا ارادہ کیا۔
انھوں نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کی طرف سے اتنے عرصے کھیلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 11 سال تک ملک کی نمائندگی کرنے پر میں بہت خوش ہوں اور یہ میرے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ ٹیلر نے 2015ء ورلڈ کپ میں 433 رنز بنائے اور وہ ورلڈ کپ میں زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر تھے لیکن ان کی ورلڈ کپ کے دوران تنخواہ صرف 130 پائونڈ تھی۔
ٹیلر انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ کر اب انگلش کائونٹی نوٹینگھم شائر سے کھیلیں گے جہاں انھیں 95 ہزار ڈالر سے لے کر 2 لاکھ 44 ہزار ڈالر تک تنخواہ ملے گی۔ معاشی مسائل کی وجہ سے ٹیلر سے پہلے کریگ اروین اور کائل جاروس بھی زمباوے کرکٹ ٹیم کو خیر باد کہہ کر انگلش کائونٹی کھیل رہے ہیں۔