اسلام آ باد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وہ نجی شعبے کے ساتھ پارٹنر شپ قائم کر کے تجارت و معیشت کو بہتر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توانائی بحران اور دہشت گردی اس وقت ملک کے لیے سب سے بڑے چیلنجز ہیں۔
حکومت تاجر برادری، سول سوسائٹی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے ان مسائل پر قابو پانے کیلیے کوشاں ہے، ترقی، سرمایہ کاری اور نیا روزگار پیدا کرنے کیلیے ہمیں معیشت کو اوپن کرنا ہو گا لہذا نجی شعبہ عالمی معیارات پر پورا اترنے اور مصنوعات کی مارکیٹنگ بہتر کرنے کے لیے تیار ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ حکومت اصلاحی اقدامات کرسکے۔