معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہےکہ نیازی حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔

شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں گیس کی قیمتوں میں مزید 45 فیصد اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گیس قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، اسے فوری واپس لیا جائے، گیس، بجلی، پیٹرول اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا ہے، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ کاروبار کیسے ہو گا؟۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور معاشی صورتحال دیکھتے ہوئے کم از کم تنخواہ 30 ہزار کی جائے، تنخواہ دار طبقے کو تنخواہ میں کم از کم 10 ہزار روپے کا فوری ریلیف دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیازی حکومت ملکی امور چلانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، ملکی معیشت اسی طرح ڈوبتی رہی تو قومی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے، نالائق اور نااہل ٹولہ ملک و قوم کے مفاد پر تجربات کے بجائے گھر چلا جائے، قوم سب سے بڑی تبدیلی یہ چاہتی ہے کہ نااہل اور نالائق ٹولہ تبدیل ہو جائے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب کی نالائقی نے معیشت کو ایشیاء کی بدترین معیشت بنا دیا، وقت ثابت کر رہا ہے نیازی صاحب لوگوں کو صرف گالیاں دے سکتے ہیں اور ملک گالیاں دینے سے نہیں چلتے۔